وہاڑی: ونی کے نام پر 12 سالہ لڑکی کا 35 سالہ شادی شدہ شخص سے نکاح

وہاڑی: صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی میں پنچایت کےحکم پر ونی کے نام ایک 12 سالہ لڑکی کا نکاح 35 سالہ شادی شدہ شخص سے کروا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق وہاڑی کے نواحی گاؤں 97 ڈبلیو بی کے رہائشی فاروق نے 101 ڈبلیو بی کی رہائشی لڑکی سے 5 روز قبل پسند کی شادی کی تھی، جس پر یوسی ناظم راجہ فدا کی سربراہی میں پنچایت منعقد ہوئی۔

پنچایت میں فیصلہ کیا گیا کہ فاروق کی 12 سالہ بہن کا نکاح فاروق کی بیوی کے 35 سالہ بھائی صادق سےکردیا جائے۔

ونی کے تحت کی گئی شادی کرانے پر پولیس نے نکاح خواں، دولہا اور اس کے والد کے علاوہ لڑکی کے والد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ لڑکی کا والد بھی پنچایت میں شامل تھا، اس لیے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لڑکی کے والد کا کہنا ہےکہ اسے بیٹی کی شادی کے لیے زبردستی مجبور کیا گیا تھا۔