آئیڈیاز 2016ء:آرمی چیف نے شاہکار گن “Light Sniper Rifle” کا افتتاح کیا

واہ کینٹ (ہاٹ لائن) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آئیڈیاز 2016 کے افتتاحی روزپی او ایف سٹال پر پی او ایف کی تیار کردہ ہیوی مشین گن PK-16 جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نشان امتیاز (ملٹری)نے جدید خصوصیات کی حامل شاہکار گن “Light Sniper Rifle” کا افتتاح کیا ۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور رانا تنویر حسین وفاقی وزیر دفاعی پیداوار پی او ایف اسٹال کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ تھے۔ہیوی مشین گن PK-16 کی بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کا وزن92کلوگرام سے کم کر کے31 کلوگرام ہو گیا ہے۔نئی تیار کردہ گن کو انفنٹری کے دوجوان آسانی سے اٹھا سکتے ہیںاور اسے کسی بھی آرمورڈ وہیکل پر لگایا جا سکتا ہے اس کی رینج 1500 سے 1600میٹر تک ہے۔پاکستان کی مسلح افواج نے ایک ہلکے وزن کی حامل گن کی ضرورت کو محسوس کیا اور پی او ایف کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی ضرورت کے عین مطابق مقامی طور پرہیوی مشین گنPK-16 تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔پی او ایف کی نئی تیار کردہ 7.62x51mm کیلیبرکی حامل “Light Sniper Rifle” کا وزن 5.68kg ہے اور اسے دنیا کے معروف اور قابل اعتماد Surgeon Scalpal Actions کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔اور اسے Presion Sniper Rifle کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔اس میں جدیدبیرل اور فولڈنگ کی صلاحیت موجود ہے جسے ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔اس میں Quad rail with Key mode شامل کیا گیا ہے اور اسکا Twist rate 1:12 ہے اور اس کا Trigger pull 0.5-2.5kg تک ایڈجسٹ ہو سکتا ہے۔اس کی میگزین کی صلاحیت 5-10 round اور مزل کی ولاسٹی 800-820 meters per second ہے۔اس موقع پر وزیر ا عظم پاکستان محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پی او ایف کی مصنوعات کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیااور پی او ایف کو مسلح افواج کی ضرورت کے عین مطابق دو جدید ہتھیار تیار کرنے پر مبارکباد دی اور پی او ایف کے انجینئرز اور ہنر مندوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا ۔ اس سے پہلے پی او ایف سٹال آمد پر لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات ہلال امتیاز ملٹری ،چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نشان امتیاز (ملٹری) کا پر تپاک استقبال کیا۔اور پی او ایف کی مصنوعات خصوصا پی او ایف کی نئی Developmentsکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پی او ایف اپنی تمام مصنوعات کی رینج کے ساتھ آئیڈیاز 2016 میں شرکت کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی تین نئی مصنوعات بھی متعارف کرا رہی ہے۔پہلے روزپی او ایف سٹال پر غیر ملکی وفود کا تانتا بندھا رہا چیئرمین پی او ایف بورڈ پورا دن غیر ملکی وفود کو پی او ایف سٹال پر بریفنگ دیتے رہے اور انہیں پی او ایف کے پیداواری عمل کو دیکھنے کی دعوت دی۔کثیر تعداد میں غیر ملکی وفود بشمول وزیر دفاع ترکمانستان ، متحدہ عرب امارات کے دفاعی وفد اور کئی دوست ممالک کے وفود نے پی او ایف اسٹال کا دورہ کیا۔