قطری شہزادے سے پہلے خان صاحب کو کٹہرے میں آنا پڑیگا ، سر کی چوٹ کا بہانا نہیں چلے گا ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ہاٹ لائن)وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قطری شہزادے سے پہلے خان صاحب کو خود کٹہرے میں آنا پڑے گا،خان صاحب پھر مت کہیے گا کہ سر پر چوٹ لگی تھی بھول گیا،وزیراعظم نے پہلے دن یہ فیصلہ کیا تھا کہ ثبوت عدالت عظمیٰ میں دینگے۔اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے پہلے دن یہ فیصلہ کیا تھا کہ ثبوت عدالت عظمیٰ میں دینگے،وزیراعظم اپنے ثبوت میڈیا یا اپوزیشن کے سامنے کیوں رکھتے،جب وزیراعظم نے ثبوت سامنے رکھے تو الزام لگانے والوں کی بولتی بند ہو گئی۔وزیرمملکت نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ عدالت میں اپنا جواب کیوں جمع نہیں کرایا،تلاشی مانگنے والوں کی اپنی تلاشی ہوئی تو بھاگ گئے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ قطری شہزادے سے پہلے خان صاحب کو خود کٹہرے میں آنا پڑے گا،خان صاحب پھر مت کہیے گا کہ سر پر چوٹ لگی تھی بھول گیا۔انہوں نے کہاکہ عمران بات کرتے ہیں تو شرمندگی اور ناکامی کی تصویر نظر آتے ہیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ عمران شادی کی سنت ضرور اداکریں لیکن جھوٹ اور بہتان سے متعلق احادیث پربھی غورکریں۔