ججز نظر بندی کیس کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد (ہاٹ لائن) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظر بندی کیس کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی۔ پیر کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سابق چیف جسٹس سمیت ساٹھ ججز کو نظر بندی کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ اور پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش پیش ہوئے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل کےلئے وقت مانگا جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت8 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے کہ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت 60ججز کو نظر بند رکھنے کے الزام میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی تھی۔