بندوق سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبایا جا سکتا،شہبازشریف

لاہور(ہاٹ لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعیت علماءاسلام (ف )کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید مذمت کی۔وزےراعلیٰ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے حق خود ارادیت کے حصول کےلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کشمیری عوام اوربھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں اورفوجی جوانوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ آج مقبوضہ کشمیر کا ہر فرد آزادی مانگ رہا ہے اوربھارتی سرکار کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق آزادی سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھ سکتی۔