naval-chief-admiral-zakaullah

آئیڈیاز2016ء،چیف آف نیول اسٹاف کی غیر ملکی وفود سے ملاقات

کراچی(ہاٹ لائن )نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش کے افتتاحی روز مختلف ممالک کے وفود نے ایکسپو سینٹر میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں چین، فرانس، اردن، نائجیریا، قطر، تھائی لینڈ اور ترکی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمان شامل تھے۔ دوران گفتگو دفاعی اشتراک ، پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون اور مختلف بحری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف سے ملاقات کرنے والی نمایاں شخصیات میں چین کے ڈپٹی چیف آف آرمامنٹ ڈپارٹمنٹ رئیر ایڈمرل ویل گینگ، بحر ہند میں فرانسیسی فورس کمانڈر رئیر ایڈمرل ڈائیڈیر پیاٹن، اردن کی بحری افواج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل ابراہیم سلمان النعمت، نائجیریا کے وزیر دفاع جناب دان علی منصور محمد، قطری بحری افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد ناصر مبارک، کمانڈر ان چیف تھائی فلیٹ ایڈمرل سچیپ وونگماتری اور ترک فلیٹ کمانڈر ایڈمرل ویسیل کوسیل شامل تھے۔ چیف آف نیول اسٹاف نے غیر ملکی وفود کو یقین دلایا کہ پاکستان مشترکہ طور پر بحری جہازوں، آلات اور سینسرز کی تیاری اور افسروں اور جوانوں کی باہمی تربیت سمیت تمام بحری شعبوں میں باہمی اشتراک کے لیے پر عزم ہے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کے نمایاں کرداراور عزم کو سراہا۔