آئیڈیاز 2016ءمیں ،مجموعی طور پر 13 معاہدے تشکیل پاگئے

کراچی(ہاٹ لائن)پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ءمیں اب تک مجموعی طور پر 13 معاہدے تشکیل پا چکے ہیں۔ بدھ کو یوکرائن اور پاکستان کے درمیان الخالد ٹینکوں کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ معاہدے کی وقت پر تکمیل کےلئے پرامید ہیں،کوئی ہتھیار یا آلات خریدیں گے تو اس کی ٹیکنالوجی بھی آئےگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دیگر ادارے بھی دفاعی سازو سامان دیگر ملکوں کو فروخت کررہے ہیں اور دنیا بھر میں ہمارے ہتھیاروں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔پاکستان کی دفاعی مصنوعات اعلیٰ ٹیکنالوجی کی حامل ہیں، وقت کےساتھ انہیں جدید بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا معاہدہ ہے جس سے دفاعی صنعت کو فائدہ پہنچے گا۔معاہدے کے تحت یوکرین الخالد ٹینک ون فیز 2ٹینکوں کےلئے انجن فراہم کرےگا۔اسی طرح تین ایم او یو اور ایک معاہدہ تشکیل پایا ہے ۔ ان میں STI پاکستان اور PAC کامرہ کے درمیان ہونے والا معاہدہ مشاق سیمیولیٹر کی ڈویلپمنٹ کےلئے بھی تھا۔ دیگر معاہدوں میں جو اس موقع پر تکمیل پائے ان میںچیک ریپبلک کی چیکوسل ویک گروپ اور پی او ایف، پولینڈ کی پولسکا گروپا اور پی او ایف، ایم او آئی ڈی آئیزربائیجان اور پی او ایف، پی اے سی اور TELECالیکٹرونکس اینڈ مشینری پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ہونےوالے معاہدے شامل ہیں۔اس موقع پر جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں گورنر کے پی کے،ظفر اقبال جھگڑا،چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔