بھارت اپنے جارحانہ عزائم سے باز آ جائے ،چیئر مین سینیٹ رضا ربانی

اسلام آباد (ہاٹ لائن) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹ آف پاکستان کی جانب سے نیلم میں مسافر بس پر بھارتی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے جارحانہ عزائم سے باز آجائیں بصورت دیگر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ کے اجلاس کی کاروائی کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پورے ہاؤس کی جانب سے ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو خبردار کرتا ہوں کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف پوری پاکستان قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔