تحریک انصاف کی چوبیسویں آئینی ترمیم کی مخالف

اسلام آباد(ہاٹ لائن) تحریک انصاف نے چوبیسویں آئینی ترمیم کو وزیراعظم اور ان کے خاندان کو پاناما کیس سے بچانے کی کوشش قرار دے دیا، اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں ترمیم کی مخالفت ایوان میں ہوگی، باہر تو صرف پوائنٹ اسکورنگ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر چوبیسیوں ترمیم کی مخالفت کافیصلہ کیا ہے، مجوزہ ترمیم احتساب سے راہ فرار اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کسی متوقع فیصلے کی پیش بندی کی جا رہی ہے، پارلیمنٹ میں بل آنے پر اس کی پارلیمنٹ کے اندر مخالفت کی تجویز پر مشاورت کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کسی ترمیم یا بل کی مخالفت ایوان کے اندر ہوگی باہر سے نہیں ہوسکتی۔ ایوان کے باہر سے صرف پوائنٹ اسکورنگ ہوگی۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آ کر اپوزیشن کے ساتھ مل کر بل کی مخالفت کرے۔