عالمی طاقتوں کی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں دلچسپی بڑھ گئی

اسلام آباد/لاہور( ہاٹ لائن) عالمی طاقتوں کی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں دلچسپی بڑھ گئی ، روس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور دیگر اہم ممالک نے سی پیک میں شامل ہونے کے خواہش ظاہر کردی ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ،جرمنی ،اٹلی اور دیگر اہم ممالک سی پیک میں شامل ہونا چاہتے ہیں جبکہ روس بھی گوادر پورٹ کے ذریعے بین القوامی تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں روس کے انٹیلی جنس حکام بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔دوسری جانب برطانیہ بھی سی پیک کے حوالے سے جاری منصوبوں میں شامل ہونا چاہتا ہے۔ برطانوی وزیرخارجہ کا دورہ بھی سی پیک سے استفادہ کے لئے ہے جبکہ آئندہ سال برطانوی وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے قبل منصوبوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان منصوبے میں شامل ہونے والے تمام ممالک کو خوش آمدید کہے گا، جبکہ سی پیک کے روٹ کی سکیورٹی انتہائی موثر بنائی جارہی ہے۔