صدر مملکت کا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نے اندرونی اور بیرونی خطرات کا جرات مندی سے مقابلہ کیا ،صدرممنون حسین
اسلام آباد(ہاٹ لائن )صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نے دیگر تمام قومی اداروں سے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ اندرونی اور بیرونی خطرات کا جرات مندی سے مقابلہ کیا جس سے ان کے احترام اور قومی اعتماد میں اضافہ ہوا۔ صدر مملکت نے یہ بات آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیے کے موقع پر کہی جس میں ان کے علاوہ چیئرمین سینٹ، سروسز چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزرا، پارلیمنٹیرین اوردیگر نے شرکت کی۔ صدرمملکت نے آرمی چیف کو مدت ملازمت کی انتہائی کامیابی اور باوقار طریقے سے تکمیل پر مبارک باد دی۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے آرمی چیف کی قیادت میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مو¿ثر حکمت عملی کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اپنے عرصہ قیادت میں پروفیشنل سولجر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں اور اپنے دور میں ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی سے چلنے کی روایت قائم کی۔ بہادری ، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین نظم و ضبط پاک فوج کی شناخت ہے اور جنرل راحیل شریف کے دور میں یہ شناخت مزید توانا ہوئی۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران اندرونی اور بیرونی خطرات سے جن سے جرات مندی سے نمٹا گیا صدر مملکت نے اس کی بھی تعریف کی۔