ایوان صدر میں آرمی چیف کے اعزاز میں الوداعی تقریب، عسکری حکام کی شرکت

اسلام آباد (ہاٹ لائن) صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں ایوان صدر میں الوادعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ ، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیربرائے دفاعی پیداوار رانا تنویر، وفاقی وزیر قبائلی علاقہ جات و سرحدی امور عبدالقادر بلوچ اور دیگر نے شرکت کی۔
army2
آرمی چیف نے صدر ممنون حسین سے ملاقات بھی کی جس میں ان کی کامیاب مدت ملازمت کی تکمیل پر صدر مملکت نے مبارکباد دی اورانسداد دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیاب حکمت عملی پر آرمی چیف کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کی خدمات کو پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے، انہوں نے جرأت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کئے، اگلےمورچوں پر ان کی فوجی اہل کاروں کے ساتھ موجودگی قابل تحسین ہے، جنرل راحیل شریف کوعزت اوروقار کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں لیکن آئندہ بھی عوام اور ملک کی فلاح و بہبود کے لئے وہ کام کریں گے۔