پی آئی اے کے طیاروں میں سیٹیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،انتظامیہ کی بے حسی سے مسافر پریشان

لاہور (ہاٹ لائن ) پی آئی اے طیاروں کی بدحالی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ، متعدد پروازوں کی سیٹیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جنہیں کئی ماہ سے تبدیل نہیں کیا گیا ۔
پی آئی اے انتظامیہ کے بلند و بانگ دعوے ایک جانب مگر حقیقت یہ ہے کہ قومی ایئر لائن کے متعدد طیاروں میں سیٹیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور انکے کور بھی پھٹ چکے ہیں مگر انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور مسافروں کی شکایات اور نشاندہی کے باوجود انہیں تبدیل نہیں کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازپی کے 310میں تو سیٹیں اس قدر خراب ہو چکی ہیں کہ مسافر وں کا بیٹھنا بھی دشوار ہے مگر اس کے باوجود انتظامیہ ان کی مرمت کرنے سے قاصر ہے ۔ شکایات کی صو رت میں مسافروں کو ہیلے بہانوں پر چلایا جا رہا ہے ۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سیٹیں تبدیل کرتے رہتے ہیں مگر مسافر اس قدر لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں کہ سیٹیں اور انکے کور خراب ہو جاتے ہیں جس کے لئے مسافروں کو بھی آگاہی دی جا رہی ہے ۔