30 گھنٹے گزر گئے، کیماڑی میں لگی آگ نہ بجھی، 2 مزدور ابھی تک لاپتہ

کراچی(ہاٹ لائن ) کیماڑی کے آئل ٹرمینل میں بنے آئل کے ٹینک میں گزشتہ روز دوپہر کو دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ٹینک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کے پی ٹی اور کے ایم سی کی 15 گاڑیاں 27 گھنٹے سے آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ٹینک میں موجود کمیکل میتھانول 90 فیصد سے زائد جل چکا ہے، آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بال بھی پھینکے جا رہے ہیں تاکہ آگ شدت نہ پکڑے۔ چیف فائر آفیسر کے پی ٹی سعید جدون کے مطابق، یک ہزار ٹن سے زائد میتھانول کا اب 10 فیصد ٹینک میں باقی بچا ہے۔ کیمیکل ختم ہونے پر ہی آگ بجھ سکے گی۔ آگ دن میں بجھ جانے کے بعد کولنگ کا عمل رات تک مکمل ہو گا۔ آگ لگنے کے باعث آئل ٹرمینل سے کل سے آئل کی فراہمی معطل ہے۔ آگ سے وہاں موجود 2 مزدور جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 2 مزدور تاحال لاپتہ ہیں۔