شہر قائد کی کہانی، مخدوش رقیہ منزل کے رہائشی ضد پر اڑ گئے

کراچی(ہاٹ لائن) شہر قائد کے علاقے پاکستان چوک کی لرزتی عمارت نے جگہ چھوڑنا شروع کر دی ہے زینہ گرنے کے بعد مخدوش بلڈنگ منہدم ہونے کا خطرہ ہے ۔ کراچی کے علاقے پاکستان چوک کی رقیہ منزل لرزنے لگی ہے عمارت کا زینہ گرے کئی گھنٹے گزرگئے تاہم مکینوں نے دوسرا آشیانہ ملنے تک عمارت خالی کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ عمارت میں خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد موجود ہیں جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے اسنارکل کے ذریعے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ پاکستان چوک پر لرزتی بوسیدہ عمارت لگتا ہے قیام پاکستان کے وقت ہی بنی ہو، دیواریں اور چھجے تو جھڑ چکے ہیں رات گئے زینہ بھی دم توڑ گیا مگر عمارت میں رہائش پذیر افراد گھر چھوڑنے کو تیار نہیں۔ ڈپٹی میئر نے کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ہے۔ مکین کا کہنا ہے کہ جان جاتی ہے تو جائے لیکن جب تک کوئی دوسرا ٹھکانہ نہیں ملے گا عمارت خالی نہیں کریں گے، خستہ حال بلڈنگ میں رہنے والے اپنے ضد پر اڑے ہیں۔