بلدیہ ٹاؤن کیس ،مفرور ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری

کراچی (ہاٹ لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے بلدیہ ٹاؤن کیس میں مفرور ملزمان کے ریڈ وارنٹ کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بلدیہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے کیس میں مفرورملزم حماد صدیقی، اور عبدالرحمان عرف بھولا کے ریڈوارنٹ کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی جب کہ گرفتارملزم زبیرعرف لالہ نے فیکٹری کے جنرل مینجرسمیت 2 ملازمین پر آگ لگانے کا الزام لگایا ہے۔ ملزم زبیرعرف لالہ نے اپنی درخواست ضمانت میں عدالت میں بیان دیا تھا کہ اس وقت کے ایس ایس پی نے فیکٹری مالکان کے خلاف بیان دینے کو کہا تھا جب کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آگ جنرل مینجرمنصور اور انچارج ایچ آر ڈیپارٹمنٹ شاہ رخ نے لگائی تھی، ان ہی کے کہنے پر دروازے بند کرکے تالے لگائے گئے تھے جب کہ میں نے لوگوں کو اپنے سامنے مرتے ہوئے دیکھا۔ دوسری جانب عدالت نے فیکٹری مالکان بھائیلہ برادران کوکیس میں گواہ بنانے کی درخواست منظور کرلی جب کہ چند فیکٹری ملازمین کی جانب سے فریق بننے کی درخواست مستردکردی ہے۔ ملزم زبیرعرف لالہ کی درخواست ضمانت اورکیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔