خدا نخواستہ اگر لاک ڈاؤن کامیاب ہوتا تو یہ پاکستان کا لاک ڈاؤن ہوتا،شہباز شریف

لاہور (ہاٹ لائن) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس یہاں منعقد ہوا – اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران ، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری ، اعلی حکام کے علاوہ کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرائ، مشیران اور معاونین خصوصی بھی شریک ہوئے- وزیراعلی شہباز شریف نے پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء، مشیران ، معاونین خصوصی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کو عزت ملی ہے اور یہ عزت افزائی آپ کی محنت اور قابلیت کا نتیجہ ہے – میں اپنی اور پنجاب کے عوام کی طر ف سے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں – پنجاب حکومت نے عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور یقینا صوبے کے عوام آپ سے بھی بجا طور پر یہ توقع کریں گے کہ آپ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں – وزیر اعلی شہباز شریف نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ آپ عوام کی خدمت کیلئے محنت سے کام کریں – اپنے آرام کو عوام کیلئے قربان کر دیں – شبانہ روز محنت اور کاوش کے ذریعے عوامی خدمت میں جت جائیں – اس سے آپ کو اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل ہونے کے ساتھ کروڑوں عوام کی دعائیں بھی ملیں گی- اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ پہلے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور آج آپ کو وزارت کا منصب ملا ہے – یہ منصب صرف اور صرف خدمت کا متقاضی ہے – اللہ تعالی نے آپ کو جس کام کیلئے نئی ذمہ داری دی ہے اس کو سامنے رکھ کر محنت ، دیانت اور امانت کو اوڑھنا بچھونا بنا لیں کیونکہ ہم میں سے کوئی نہیں جانتا یہ زندگی کتنی باقی ہے اور اللہ تعالی نے جو عزت دی ہے وہ کتنی دیر اور رہے گی- لہذا آپ اپنی نئی ذمہ داری کو امانت سمجھ کر ادا کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں میدان عمل میں جھونک دیں – یقینا کامیابی آپ کے قدم چومے گی- انہوںنے کہا کہ اگر آپ میدان عمل میں محنت کے ساتھ کام کریں گے اور تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں گے تو کوئی آپ کا راستہ نہیں روک سکے گا-