مہاجروں کا سب سے بڑا دشمن کون ؟ مصطفی کمال نے بتا دیا

کراچی(ہاٹ لائن)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جو یہ بات کہتا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم نہیں ہونا چاہئے اس سے بڑا مہاجروں کا کوئی دشمن نہیں ہے،الطاف حسین کو اسکاٹ لینڈ یارڈ سے بچانے کے لئے کراچی اور حیدرآباد کے شہری اداروں کو پیپلز پاڑٹی کے ہاتھوں فروخت کردیا گیا آج کیسے اس بات کا رونا رویا جارہا ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کے پاس اختیارات نہیں، 23دسمبر کو پکا قلعہ حیدرآباد کے جلسہ عام سے پاک سر زمین پارٹی عوام کے حقوق کی تحریک کا آغاز کردے گی حکمران یا تو حقوق دیں گے یا پر حکمرانی نہیں کر پائیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو پاکستان ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انیس احمد قائمخانی، وسیم آفتاب، اشفاق منگی، حفیظ الدین، اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ25نومبر کو حیدرآباد میں ہونے والا ورکرز کنوینشن کی کامیابی پر ہم کارکنوں اور حیدرآباد کے عوام کو اس پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اب 23دسمبر کو پکا قلعہ حیدرآباد میں ناریخی جلسہ عام کرنے جارہے ہیں اور اس جلسہ عام سے ہم عوام کے حقوق کی تحریک کا اعلان کریں گے۔ہماری حقوق کی تحریک میں کوئی غیرقانونی بات نہیں ہوگی ہم جمہوری عمل کے ذریعے سے عوام کے حقوق کی تحریک چلائیں گے۔