پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے ، پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ‘جنرل راحیل شریف

لاہور(ہاٹ لائن ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ،آپریشن ضرب عضب خطے میں سلامتی کی کاوشوں کی مثال ہے ، پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جار ہا ہے آپریشن ضرب عضب قیام امن کےلئے شروع کیا گیا ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان ہونے والی پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پرکور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق، ڈی جی رینجرز پنجاب عمر فاروق برکی ،جی او سی کینٹ ڈویژن سمیت اعلی عسکری حکام نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ میں جیتنے والوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کھلاڑیوں نے جرات اورپیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اوربین الاقوامی مقابلوں سے جوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے فوج کے جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کے جوان چست ، پھرتیلے اور ہوشیار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے کھیلوں کے انعقاد سے تمام ممالک سے روابط مزید مضبوط ہونگے اورپیسز چیمپئن شپ میں شریک ہونے والے ممالک کو قریب آنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تقریب میں موجود مہمانوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پر امن املک ہے ۔ایسے ایونٹ کےلئے پاکستان زیادہ محفوظ ملک ہے اورآئندہ بھی بڑے پیمانے پر پاکستان میں ایسے کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اختتامی تقریب کے موقع پر ہوا میں روشنی کے غبارے چھوڑے گئے اور پاک فوج کے چاق و چوبند جوانوں نے سلامی پیش کی۔تقریب میں شوبزکی سرکردہ شخصیات اور اسٹارکرکٹرز بھی موجود تھے ۔ جبکہ تقریب کے دوران آرمی پبلک اسکول کے بچوں کے ہمراہ شعیب اختر، جہانگیرخان، سہیل عباس اوردیگر نامور افراد نے گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر ملی نغمہ پیش کیا۔