hotlinenews

مفتی منیب کا آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

کراچی(ہاٹ لائن نیوز) مفتی منیب الرحمان نے آج ملک بھر میں پُر امن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، مولانا فضل الرحمان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی حمایت کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لاہور واقعے کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی، مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی نے بھی مفتی منیب کی ہڑتال کی کال کی حمایت کر دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی منیب کے مؤقف اور مطالبات و اعلانات کی حمایت کرتے ہیں۔

کراچی سندھ بار کونسل نے لاہور واقعے پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو مظاہرین سے مذاکرات کرنے چاہیے تھے، آل سٹی تاجر اتحاد ایسوایشن نے بھی آج ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔

تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے کہا کہ شہر کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی علمائے کرام کی اپیل پر شہر کی تمام الیکٹرونکس مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کر دیا ے۔

دوسری جانب سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے بھی آج کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، سی این جی اسٹیشنز اور پٹرول پمپ مالکان نے بھی ہڑتال کی حمایت کا عندیہ دے دیا، ایسوسی ایشن نے بیان میں کہا کہ آج کراچی میں سی این جی اسٹیشنز بند رکھے جائیں گے۔

مرکزی انجمن تاجران تاجر اتحاد نے صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن جب کہ گڈز ٹرانسپورٹ تنظیموں نے آج پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔