لاہور سمیت پنجاب میں دوسرے روز بھی دھواں ہی دھواں، زندگی مفلوج، حادثات میں 14افراد جاں بحق،موٹر وے کئی مقامات پر بند

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں آج بھی ”سموگ“ نے ہر چیز کو چھپا رکھا ہے، دھوئیں کے بادلوں نے زندگی بھی مفلوج کرکے رکھ دی ہے، حادثات میں 14افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد موٹرے وے کو کئی مقامات پر بند کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دھند نما کہر نے آج دوسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کئی گاڑیاں بھی آپس میں ٹکرا گئیں ، سکھیکی کے قریب12 گاڑیوں کے تصادم میں 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلا ع ہے۔ حادثات نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے۔صورتحال انتہائی خراب ہونے کے بعد موٹر وے کو کئی مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد انٹر چینج تک بند ہے، حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلے پانچ روز تک موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ –