بھارت کی جاسوسی کی ناکام کوشش ، کئی بار منہ کی کھانی پڑی ،دفتر خارجہ

اسلام آباد(ہاٹ لائن)دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہاہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارت کی جانب سے جاسوسی کی کئی کوششوں کو ناکام بنا چکا ہے ،تازہ مثال پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈرون کو تباہ کرنا اور بحری آبدوز کو پیچھے دھکیلنا ہے ،پاکستان کو کمزور کرنے کےلئے بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے ،اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سمیت خطے کے ممالک کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر بھارت کی جانب سے جاسوسی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنادیا ہے جس کی تازہ مثال پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈرون کو تباہ کرنا اور بحری آبدوز کو پیچھے دھکیلنا ہے۔ نفیس ذکریا نے کہاکہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اورافغانستان کی زمین کو پاکستان کےخلاف استعمال کر رہا ہے ،پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے بھی بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کے حوالے سے نفیس ذکریا نے کہاکہ بھارت کی جانب سے سزفائر خلاف ورزیوں کے کئی مقاصد ہیں، اس کا ایک مقصد بھارتی حکومت پر اندرونی سیاسی دباو پر پردہ ڈالنا بھی ہے ،بھارت کا پاکستان کے خلاف غلط بیان بازی کرنے کا مقصد اسے بدنام کرنا ہے۔