جنرل راحیل شریف عظیم فوجی جرنیل ہیں ، عظیم طریقہ سے الوداع کیا جائےگا، سیاسی رہنما

اسلام آباد (ہاٹ لائن) سیاسی رہنماﺅں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے تاریخی کر دار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کام کو صدیوں یاد رکھا جائیگا ،جنرل راحیل شریف عظیم فوجی جرنیل ہیں ان کو عظیم طریقہ سے الوداع کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے تاریخی دور گزارا ہے اورباوقار انداز میں رخصت ہورہے ہیں۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہناتھا کہ جنرل راحیل غیر متنازعہ فوجی سربراہوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں بہت سے چیلنجزکا مقابلہ کیاہے۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل نے کہا کہ جنرل راحیل نے حکومت کے ساتھ مل کر جس طرح کام کیا ان کو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے ملک میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں مدد ملی جس سے فاٹا ، کراچی اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں افواج پاکستان کی کامیابیوں کو خراج تحسین اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔