الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (ہاٹ لائن)چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔پیر کو سیاسی جماعتوں ،امیدواروں اور عام انتخابات 2018ءکیلئے میڈیا کے ضابطہ اخلاق کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مختلف میڈیا اور سول سوسائٹی کی آرگنائزیشنز کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے سے قبل میڈیا کے نمائندوں کی تجاویز حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ءکیلئے میڈیا کیلئے رہنما اصول تجویز کئے ہیں اور ضابطہ اخلاق کا مسودہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹروں کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنائے گا اور پولنگ عملہ کو مکمل تربیت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی غیر جانبداری اور اپنے وقار کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا فرض ہے کہ وہ ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کیلئے آگاہی دے۔ شرکاءنے الیکشن کمیشن کی تعریف کی اور کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے ووٹرز کو آگاہی دی جائے۔