دفاعی مصنوعات کی نمائش دشمنوں کو واضح پیغام ،پاکستان ایک مضبوط اور مستحکم ملک ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (ہاٹ لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز2016میں پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی نمائش سے پاکستان کے دشمنوں کو ایک واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور مستحکم ملک ہے اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کابخوبی مقابلہ کر سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئیڈیاز2016کے تحت منعقدہ دفاعی نمائش کے دورے کے دوران میڈیا بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج تربیت ،آلات اور جنگی صلاحیت کے لحاظ سے بہت مضبوط اور مستحکم ہے اور ہماری افواج کے پاس ایک جذبہ ہے،کیونکہ انہیں ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے حوالے سے عوام کابھرپور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ہماری قومی دفاعی پیداوار میں دفاعی شعبے نے نئی جہتوں کو چھولیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہتھیارہمارے ڈیفنس کیلئے ہیںیعنی امن کیلئے،کیونکہ ہم جارحیت پر یقین نہ رکھتے ہیں بلکہ ہم پیار ،محبت اور انسانی ترقی میں یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری دفاعی صنعت ترقی کرکے دیگر ترقیاتی ممالک کی طرح ایک متوازی صنعت بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج صبح اسمبلی سیکشن میں شرکت کی اور اس کے بعد آئیڈیاز2016کا دورہ کیااور دفاعی نمائش دیکھی۔انہوں نے مختلف ممالک بشمول پاکستان کے لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا۔انہیں اسٹالز آرگنائیزر نے اپنی پیداوار سے متعلق بریفنگ دی انہیںاس موقعہ پر ٹینک اور ہیلی کاپٹر کے ماڈل اور کتابیں بھی پیش کیں۔نمائش میں موجود لوگوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔