آرمی چیف کا الوداعی دورہ اوکاڑہ…. بین الاقوامی سرحد پر موثرنگرانی پرافسروں کو خراج تحسین پیش کیا

راولپنڈی/اوکاڑہ(ہاٹ لائن )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بین الاقوامی سرحد کی موثر نگرانی ،تربیت کے اعلیٰ ترین معیاراورقدرتی آفات کی صورت میں عوام کی مدد پر پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کو خراج تحسین پیش کیاہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوداعی دوروں کے سلسلہ میں جمعہ کو ملتان اوربہاولپورکورکے افسروں اور جوانوں سے اوکاڑہ گیریژن میں خطاب کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سخت صحرائی ماحول میں بین الاقوامی سرحد پر موثرنگرانی پرافسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور لگن کو سراہا۔انہوں نے تربیت کے اعلیٰ ترین معیار کے حصول اور قدرتی آفات اور تباہی کی صورت میں عوام کی مدد کیلئے پہنچنے پر بھی ان کی تعریف کی۔جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر خصوصی بچوںکیلئے جدید ترین سکول کابھی افتتاح کیا۔جہاں فوجیوں اور شہریوں کے بچے تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔آرمی چیف نے سکول کے طلباءاور سٹاف کے ہمراہ بھی کچھ وقت گزارا۔ قبل ازیں اوکاڑہ آمد پر آرمی چیف کااستقبال کمانڈرملتان کور لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد اور کمانڈر بہاولپور کور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال نے کیا۔