خواہش ہے کراچی کے عوام نے ہمیں جو ذمہ داری دی اس پر پورا اتر سکیں،وسیم اختر

کراچی (ہاٹ لائن) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کا دوست ملک ہے جس کے کئی ادارے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں میں شریک ہیں بالخصوص کراچی میں کئی جاپانی کمپنیاں شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جس پر ہم جاپان کے شکر گزار ہیں اور مختلف شعبہ جات میں مستحکم تعلقات کے خواہش مند ہیں ،کراچی میں دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اورکراچی شہر یہاں آنے والے تمام لوگوں کو روزگار مہیا کر رہا ہے جس کے باعث اس شہر کی آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور ساتھ ہی مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں جو اہم ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اتر سکیں اور کراچی کے شہریوں کے مسائل کو بلا امتیاز حل کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے جاپانی قونصل جنرل Mr.Toshikazu Isomuraسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ بھی موجود تھے۔