موڑ کھنڈا میں گیس سلنڈر لیکج سے گھر میں آگ لگ گئی ، خاتون اور تین بچے جاں بحق

ننکانہ صاحب(ہاٹ لائن ) موڑ کھنڈا کے علاقے ملک آباد کے گھر میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موڑ کھنڈاکے علاقے ملک آباد میں ایک گھر میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے بعد گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی ، مقامی افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی تو ریسکیو اور فائربریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا جنہوں نے گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا مگر تب تک گھر میں موجود خاتون اور اس کے تین بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ گھر کا مالک سپرد علی مزدوری پر گیا ہواتھا کہ اس دوران گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی ، شارٹ سرکٹ کے بعد سلنڈر میں دھماکا ہوا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا اور خاتون ، 2 بیٹے اور ایک بیٹی کو نگل لیا جن کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ۔