شہید ڈی ایس پی فیض شگری کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

کراچی (ہاٹ لائن) شہید ڈی ایس پی فیض شگری کو پورے اعزاز کیساتھ سفر آخرت پر روانہ کردیا گیا۔ کراچی میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے فیض شگری کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں وزیراعلی سندھ سمیت ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ گلستان جوہر میں پیش آنیوالے قتل کیس میں ابتدائی تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں، شہید ڈی ایس پی نے پہلوان گوٹھ اور پھر ہارون رائل سٹی کا روٹ استعمال کیا۔ ایئرپورٹ کے علاقے میں تین ماہ کی پوسٹنگ کے دوران فیض شگری ایک ہی راستہ استعمال کرتے رہے جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے۔ تفتیشی حکام کے مطابق تین موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نشانہ بنانے کے بعد رانگ سائیڈ واپس آئے، اطمینان سے چائے کے ہوٹل پر رُکے نعرے لگائے اور فرار ہوتے ڈی ایس پی گلبرگ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے سترہ اور ہوٹل سے دو خول ملے ہیں۔