چین کا انقلاب ہو یا ایران کا ، نوجوان ہراول دستہ رہے ، پرویز خٹک

پشاور(ہاٹ لائن)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی وضع کرکے تحریک انصاف کا نوجوانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دکھایا۔ نوجوان قومی ترقی اور نظام کی تبدیلی میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر ماضی میں نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ ہمارے نوجوان ہماری سوچ سے بھی زیادہ با صلاحیت ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا مستقبل خود پلان کریں۔ہماری یوتھ پالیسی نوجوانوں کے لئے رہنمااصولوںپر مشتمل ہے۔ پالیسی میں یوتھ کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس سے نوجوان خود اپنے لئے فیصلے کرنے میں بااختیار ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میںخیبر پختونخوا کی یوتھ پالیسی کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کھیل،ثقافت اور امور نوجوانان محمود خان، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی، سیکر ٹری کھیل و ثقافت محمد طارق خان، برگد، یو این ایف پی اے اور ایچ بی ایس کے اعلیٰ حکام اور طلباءو طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے پاس نوجوانوں کی ترقی کیلئے پروگرام موجود تھا مگرہم چاہتے تھے کہ نوجوان اپنی فلاح اور ترقی خود پلان کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی ۔ نوجوانوں کی فلاح و ترقی کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ نوجوانوں نے قوموں کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ دُنیا میں جتنے بھی انقلاب آئے نوجوان ان کا ہراول دستہ رہے۔ چین کا انقلاب ہو یا ایران کا۔ امریکہ کا انقلاب ہو یا روس ، روم اور فرانس کا ، نوجوان ہر انقلابی تحریک کا متحرک کردار رہے۔