حیرت انگیز سڑک ، 2 گھنٹے کا سفر 12 منٹ میں

ابوظبی( ہاٹ لائن ) متحدہ عرب امارات میں دبئی سے ابوظبی تک دنیا کی پہلی ہائپر لوپ سرنگ کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی سے ابوظبی تک بنائی جانے والی ہائپر لوپ کے لیے یو اے ای حکام اور امریکی کمپنی کے درمیان معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ، معاہدے کی تقریب دبئی کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ پر رکھی گئی ، اس منصوبے کا مقصد دبئی کو تیزی سے ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے۔
تاہم اس موقع پر کوئی مالیاتی موضوع پر بات نہیں کی گئی،تاہم امریکی کمپنی کی جانب سے منصوبے کو پانچ سال میں مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، اس منصوبے کو 2013 میں پیش کیا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت ایک ایسی سرنگ تعمیر کی جائے گی جو ہوا میں معلق ہوگی اور اس کے اندر مسافر اور سامان لیجانے والے ڈبے1220 کلو میٹر فی گھنٹہ( 760 میل فی گھنٹہ ) کی ناقابل یقین رفتار پر اڑتے جائیں گے۔