انٹرنیٹ پر ہراساں ہونے والے افراد کے لیے ہیلپ لائن متعارف کرا دی گئی

انٹرنیٹ صارفین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن‘ نے یکم دسمبر سے پاکستان کی پہلی سائبر ہراسمنٹ شکایتی ہیلپ لائن کے آغاز کا اعلان کردیا۔ یہ سروس 39393-0800 نمبر پر دستیاب ہوگی۔ ہاٹ لائن کے آغاز کا اعلان تنظیم کے فیس بک پیج پر کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ یہ ہاٹ لائن آن لائن ہراساں ہونے والے افراد کو ’مفت، محفوظ اور رازدارانہ‘ سروس فراہم کرے گی، جس میں قانونی مدد، ڈیجیٹل سیکیورٹی سپورٹ اور آن لائن ہراساں ہونے والے متاثرہ افراد کو نفسیاتی مشاورت فراہم کرنا شامل ہے۔ تنظیم کے اعلان کے مطابق، ہیلپ لائن اپنے آپریشن کا آغاز یکم دسمبر 2016 سے کرے گی۔ ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن نامی اس ادارے کی جانب سے ہیلپ لائن کے آغاز کا اعلان خواتین پر تشدد کی آگاہی کے لیے جاری 16 روزہ تحریک (16 ڈیز آف ایکٹیوزم) کا حصہ ہے۔ غیر منافع بخش تنظیم ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی بانی پاکستانی وکیل اور سماجی کارکن نگہت داد ہیں، جنھیں حال ہی میں ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کا ٹیولپ ایوارڈ 2016 دیا گیا۔